تیراہ میں دہشت گردوں سے جھڑپ، لیفٹیننٹ کرنل سمیت 4 فوجی شہید
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا، فورسز سے جھڑپ میں 3 دہشتگرد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر اور 3 اہلکار جام شہادت نوش کر گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 43 سالہ لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر کا تعلق اسلام آباد سے ہے جبکہ 31 سالہ نائیک خوشدل خان لکی مروت، 27 سالہ نائیک رفیق خان چارسدہ اور 33 سالہ لانس نائیک عبدالقادر مری کے رہائشی تھے۔
ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا ہے کہ دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہیں، پاک فوج کے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے علاقوں ڈیرہ اسماعیل خان اور لکی مروت میں چند روز قبل تین مختلف واقعات میں دہشت گردوں سے مقابلہ کرتے ہوئے پاک فوج کے 3 جوان شہید ہوئے تھے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں خودکش بمبار سمیت 2 دہشت گرد بھی مارے گئے تھے۔
شہداء کی نماز جنازہ ادا
چاروں شہداء کی نماز جنازہ پشاور گیریژن میں ادا کردی گئی، جس میں کور کمانڈر پشاور سمیت حاضر سروس فوجیوں، سول افسران اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شہداء کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی علاقوں میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
تعزیتی پیغامات
صدرمملکت، وزیراعظم، وفاقی وزیر داخلہ، چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے اپنے تعزیتی پیغامات میں شہداء کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر اور تین فوجیوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک اس ناسور کیخلاف جنگ جاری رہے گی۔
وزیراعظم نے شہید لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر نائیک خوشدل خان، نائیک رفیق خان اور لانس نائیک عبدالقدیر کیلئے دعا کی۔ انہوں نے شہداء کے خاندانوں سے اظہار ہمدردی کیا اور ان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پوری قوم کو شہداء پر فخر ہے، پاکستان کے امن دشمنوں کے مذموم عزائم کامیاب نہیں ہونے دیئے جائیں گے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے وادی تیراہ میں دہشت گردوں سے جھڑپ میں لیفٹیننٹ کرنل اور 3 اہلکاروں کی شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں شہداء کے لواحقین کے ساتھ ہیں، دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کیلئے قوم یکسو ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اتحاد کی طاقت سے پاک دھرتی سے دہشتگردوں کا ناپاک بوجھ اتار پھینکیں گے، شہداء کی لازوال قربانیوں کو کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ شہادت پانے والے لیفٹیننٹ کرنل سمیت 4 فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، چاروں نے جانوں کا نذرانہ پیش کرکے بہادری کی لازوال داستان رقم کی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی کا شہداء کے اہلخانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، پوری قوم دہشتگردی کیخلاف سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، مشترکہ کوششوں سے جلد دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ کریں گے