عالمی رہنما غزہ پر اسرائیلی بمبار ی کے جرم میں شریک ہیں،انجلینا جولی
مریکی اداکارہ اور اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین کی سابق خصوصی ایلچی انجلینا جولی نےغزہ کی محصور آبادی پر وحشیانہ بمباری کرنے پر اسرائیل کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور عالمی رہنمائوں کو شریک جرم قرار دیا ہے۔
اپنی انسٹا گرام پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ اسرائیل غزہ میں ایک ایسی آبادی پرجان بوجھ کر بمباری کر رہا ہے جہان مقیم لوگوں کے پاس اپنی جانیں بچانےکے لئے بھاگنے کی بھی جگہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں کی آبادی کے علاقے غزہ جس کی اسرائیل نے دو عشروں سے ناکہ بندی کر کے اسے ایک کھلی جیل میں تبدیل کر رکھا ہے ، بمباری کے نتیجہ میں تیزی سے انسانوں کا اجتماعی قبرستان بنتا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی بمباری کے نتیجہ میں مارے جانے والوں میں 40 فیصد معصوم بچے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں فلسطینیوں کے پورے پورے خاندانوں کو قتل کیا جا رہا ہے۔ دنیا دیکھ رہی ہے کہ بہت سے ممالک کی حکومتوں کی فعال حمایت کے ساتھ، لاکھوں فلسطینی شہریوں جن میں بچے ، خواتین اور پورے پورے خاندان شامل ہیں کو اجتماعی طور پر سزا دی جا رہی ہے اور ان سے غیر انسانی سلوک کیا جا رہا ہے۔
او ر یہ سب ایسے حالات میں ہو رہا ہے کہ وہ خوراک، ادویات اور انسانی امداد سے محروم ہیں جو بین الاقوامی قانون کے خلاف ہے۔انہوں نے کہا کہ انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کا مطالبہ کرنے سے انکار اور سلامتی کونسل کو غیر موثر کر کے عالمی رہنما ان جرائم میں اسرائیل کے شریک بن چکے ہیں