ورلڈکپ 2023 سنچریز کا ورلڈکپ بن گیا، ریکارڈ کی بھرمار
انٹرنینشل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ون ڈے ورلڈکپ کی 48 سالہ تاریخ میں سنچریز کے تمام ریکارڈز ٹوٹ گئے، ورلڈکپ 2023 میں اب تک 32 میچز میں 25 سنچریز بن چکی ہیں.
بھارت کی میزبانی میں جاری آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے 13 ویں ایڈیشن میں کئی ریکارڈز ٹوٹ چکے ہیں۔ میگا ایونٹ میں اب بھی 16 میچز باقی ہیں جس میں مزید نئے ریکارڈز بننے کی امید ہے۔
انہی میں سے ایک ریکارڈ سنچریز کا ہے، 1975 سے اب تک اس ورلڈکپ میں پہلے 10 میچز میں سب سے زیادہ سنچریز داغی جاچکی ہیں۔ رواں سال میگا ایونٹ کے صرف پہلے 10 میچز میں 12 سنچریز بنائی گئیں۔
ورلڈکپ 2023 کے پہلے دس میچز میں سنچریز داغنے والے نمایاں بلے بازوں میں ڈیون کونوائے، رچن روندرا، کوئنٹن ڈی کوک، وین ڈر ڈیوسن، عبداللہ شفیق، محمد رضوان اور روہت شرما شامل ہیں۔
2019 کے ورلڈکپ کی بات کی جائے تو ٹورنامنٹ کے اختتام تک 31 سنچریز بنائی گئی تھیں جبکہ 2015 ورلڈکپ میں مجموعی سنچریز کی تعداد 39 رہی تھی۔ اس میگا ایونٹ میں اب تک 25 سنچریز صرف 32 میچز میں ہی مکمل ہوچکی ہیں۔