سفیرپاکستان فیصل نیاز ترمذی نے پاکستان پویلین کا افتتاح اور مختلف سٹالز کا دورہ کیا۔
پاکستان بیوٹی ورلڈ مڈل ایسٹ، دبئی میں 30 سے زائد کمپنیوں کے ساتھ شرکت کر رہا ہے۔ بیوٹی ورلڈ مڈل ایسٹ مشرق وسطیٰ میں خوبصورتی کی مصنوعات کی سب سے بڑی نمائش ہے- 30 اکتوبر سے یکم نومبر 2023 تک دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں منعقد ہونے والی اس نمائش میں 57 ممالک کے 1750 سے زائد نمائش کنندگان آٹھ متنوع مصنوعات کیٹیگریز میں شرکت کر رہے ہیں۔
پاکستانی نمائش کنندگان مختلف قسم کی مصنوعات کی نمائش کر رہے ہیں جن میں خوشبو، خوبصورتی، سکن کیئر اور ذاتی نگہداشت کی مصنوعات، بال، ناخن اور سیلون کا سامان وغیرہ شامل ہیں۔ سفیر فیصل نیاز ترمذی نے پاکستان پویلین کا افتتاح کیا اور مختلف سٹالز کا دورہ کیا۔ پاکستان کی بیوٹی انڈسٹری کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے صارفین کی مختلف ضروریات کو پورا کرنے والی پاکستانی مصنوعات کی انفرادیت اور معیار کو سراہا۔ سفیر ترمذی نے کہا کہ دنیا میں قدرتی اور نامیاتی مصنوعات کی مانگ میں اضافہ ہو رہا ہے۔ پاکستانی مصنوعات خوبصورتی کی مصنوعات میں قدرتی اجزاء کا استعمال کرتے ہوئے ملک کے بھرپور ورثے کو اجاگر کرتی ہیں اور اس وجہ سے عالمی مارکیٹ کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی برانڈز اب دنیا بھر میں پائیداری اور سستی ہونے کی وجہ سے پہچانے جا رہے ہیں۔ نمائش کنندگان نے نمائش میں ملنے والے رسپانس پر انتہائی اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ نمائش عالمی مارکیٹ میں اپنی مصنوعات کی نمائش، تعاون کو فروغ دینے، خیالات کے تبادلے اور کاروباری شراکت داری کو فروغ دینے کا ایک بہترین پلیٹ فارم ہے۔