نئی حج پالیسی 2024 کی اصولی منظوری، 20 سے 25 دنوں کا حج پیکیج متعارف
پاکستان کی نگراں وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2024 کی اصولی منظوری دے دی ہے۔
پیر کو اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیرِصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وفاقی وزیراطلاعات مرتضی سولنگی نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ’حج 2024 کے لیے روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ کی سہولت اسلام آباد ایئرپورٹ پر دستیاب ہو گی، 20 سے 25 دنوں کے قیام کا حج پیکیج بھی متعارف کرایا جائے گا جس کی مالیت کا تعین بعد میں کیا جائے گا۔‘
انہوں نے بتایا کہ 38 سے 42 دنوں کا حج پیکیج جنوبی ریجن کے لیے 10 لاکھ 65 ہزار روپے اور شمالی ریجن کے لیے 10 لاکھ 75 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔ یہ پیکیج گزشتہ سال کے مقابلے میں ایک لاکھ روپے کم ہے۔‘
اردو نیوز کو دستیاب پالیسی جزئیات کے مطابق حج سکیم کے تحت ڈالر کا بوجھ کم کرنے کے لیے آئندہ برس بھی سپانسر شپ سکیم جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
آئندہ برس حج پر 28 کروڑ ڈالر خرچ ہوں گے۔ سپانسر شپ سکیم کے تحت 10 ہزار عازمین فریضہ حج ادا کر سکیں گے۔
پالیسی کے مطابق سپانسر شپ سکیم میں حج اخراجات کی رقم ڈالر میں وصول کی جائے گی۔ سپانسر شپ سکیم کے درخواست دہندہ قرعہ اندازی سے مستثنیٰ ہوں گے۔