امریکی سفارتخانے پر غزہ مارچ کا اعلان
امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا ہے کہ 29 اکتوبر کو اسرائیلی سرپرست امریکہ کے سفارتخانے پر جماعت اسلامی کی جانب سے غزہ مارچ کیا جائے گا۔
امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اسرائیل عالمی قوانین کو پاؤں کی ٹھوکر پر رکھتا ہے اور اقوام متحدہ کو برقرار رکھنا ہے تو ویٹو پاور کا ڈرامہ ختم کر کے تمام ممالک کو مساوی حق دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں معصوم بچوں، خواتین، اسپتالوں، مساجد، گرجا گھروں پر باردو کی بارش جاری ہے اور مصر نے امدادی سامان بند کر رکھا ہے۔
ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ مسلم حکمران اسرائیل کی بدمعاشی اور ظلم کے خلاف احتجاج بھی نہیں کر رہے جبکہ پوری دنیا کے اسلامی ہی نہیں غیراسلامی ممالک میں بھی عوام سڑکوں پر نکلے ہیں۔ غیرمسلم اور یہودی بھی اسرائیل کی شیطانیت کے خلاف سراپا احتجاج ہیں لیکن مسلم ممالک کے حکمران امریکہ اوراس کے ناجائز بچے اسرائیل سے خوفزدہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 57 اسلامی ممالک اور 80 لاکھ ریگولر آرمی موجود ہے جبکہ اسرائیل کے چاروں طرف مسلم ممالک ہیں لیکن 70 سال سے اسرائیل نے 22 لاکھ زندہ انسانوں کو غزہ میں محصور کر رکھا ہے جن میں بڑی تعداد معصوم بچوں اور خواتین کی ہے۔