غزہ پراسرائیلی حملےجاری، تازہ بمباری میں مزید18 فلسطینی شہید
غزہ پراسرائیل کے حملے جاری ہیں اورجبالیہ کیمپ پر تازہ بمباری میں اٹھارہ فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد غزہ پر اسرائیلی فوج کے حملے جاری ہیں اور جبالیہ کیمپ پر تازہ بمباری میں اٹھارہ فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے، جس کے بعد شہید فلسطینیوں کی تعداد تین ہزار آٹھ سو سے تجاوز کرگئی۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے خان یونس پر بمبوں کی بارش کردی۔کئی میزائل ایک رہائشی عمارت پر آگرے۔ جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے تیس افراد شہید ہوگئے۔جن میں دس بچے بھی شامل تھے۔
المناک بات یہ ہے کہ شہداء میں ایک ہزار پانچ سو چوبیس بچے شامل ہیں ۔ ایک ہزار خواتین اور ایک سو بیس بزرگوں کی بھی جان لے لی گئی ۔اسپتال زخمیوں سے بھر چکے ہیں اور صورتحال انتہائی سنگین ہے۔
جنوبی غزہ میں بھی اسرائیل نے حملہ کیا، جس میں چھ افراد شہید اور دس زخمی ہوئے،ال قدس اسپتال کے قریب بھی بم برسائے گئے۔جس میں سیکڑوں افراد زخمی ہوگئے۔مغربی کنارے اور نابلوس میں بھی نو فلسطینیوں کو شہید کیا گیا۔امدادی ٹیمیوں ملبے سے لاشیوں نکال رہی ہیں ،لوگ اپنے پیاروں کی تلاش میں مارے مارے پھر رہے ہیں۔
فلسطینی حکام کے مطابق ملبے تلے اب بھی تیرا سو سے زائد افراد موجود ہیں۔جنہیں نکالنے کیلئے مشینری نہیں۔صیہونی سفاکیت نے غزہ کو سنگین انسانی بحران میں دھکیل دیا،اندھا دھند بمباری سے صحت کا نظام تباہی کے دہانے پر ہے۔
حکام کے مطابق بجلی اور پانی کی ترسیل بند ہے۔ زخمیوں کے علاج کیلئے دوائیاں بھی ختم ہوچکی ہیں،خدمت کے جذبے سے سرشار ڈاکٹرزدھمکیوں کے باوجود ذمہ داریاں نبھارہے ہیں۔