ورلڈ کپ 2023، پاکستان اور آسٹریلیا مدمقابل ، کس کا پلڑا بھاری
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کا اہم میچ آج پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اب تک کے میچوں میں آسٹریلیا کو قومی ٹیم پر برتری حاصل ہے۔
کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کا 18واں میچ آج شاہینوں اور گینگروز کے درمیان بنگلورو میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں اب تک 107 ایک روزہ میچوں میں مدمقابل آ چکی ہیں جن میں سے آسٹریلیا نے 69 اور پاکستانی ٹیم نے 34 میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ 3 میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے اور ایک میچ برابر رہا۔
اب تک ہونے والے ورلڈ کپ میچوں میں دونوں ٹیمیں 10 بار آمنے سامنے آ چکی ہیں جن میں سے 6 میچوں میں آسٹریلیا اور 4 میچوں میں قومی ٹیم نے میدان مارا ہے۔
دونوں ٹیمیں میگا ایونٹ کے میچز میں 2 بار ایشیا میں مدمقابل ہوئیں، پہلی بار دونوں ٹیمیں 1987 کے ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں مدمقابل آئیں جس میں آسٹریلیا نے دلچسپ مقابلے کے بعد 18 رنز سے کامیابی حاصل کی۔
دوسری بار شاہین اور کینگروز 2011 کے ورلڈ کپ میں سری لنکا کے شہر کولمبو میں آمنے سامنے آئے جس میں جیت گرین شرٹس نے اپنے نام کی، پاکستان نے آسٹریلیا کو 4 وکٹوں سے شکست دی۔