غیر قانونی شہریوں کی وطن واپسی کے منصوبے میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، دفتر خارجہ
دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ملک میں مقیم غیر قانونی تارکین وطن کی وطن واپسی کا منصوبہ بدستور برقرار ہے اور تمام غیر قانونی تارکین وطن کے ملک چھوڑنے کی مقررہ تاریخ میں توسیع نہیں کی جائے گی۔
دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ حکومت کا مؤقف بالکل واضح ہے، غیر قانونی غیر ملکیوں کی ان کے آبائی ممالک میں رضاکارانہ واپسی کی آخری تاریخ 31 اکتوبر ہے اور یکم نومبر سے پاکستانی قوانین کے مطابق بے دخلی کا عمل شروع ہو جائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے تصدیق کی کہ غیر قانونی غیر ملکیوں کی وطن واپسی کے منصوبے (آئی ایف آر پی) سے متعلق غیر ملکی مشنز کے لیے وزارت خارجہ میں بریفنگ سیشن کا انعقاد کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ بریفنگ سیشن میں سیکریٹری داخلہ آفتاب درانی اور قائم مقام سیکریٹری خارجہ رحیم حیات قریشی نے بریفنگ دی۔