غزہ کیلئے10کروڑ روپے کا امدادی سامان فراہم، 50 کروڑ کا سامان جلد روانہ ہو گا، الخدمت فاؤنڈیشن
صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹر حفیظ الرحمان نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن نے غزہ کے لیے 10 کروڑ روپے کا امدادی سامان فراہم کر دیا جبکہ مزید 50 کروڑ روپے کا امدادی سامان جلد روانہ کر دیا جائے گا۔
صدر الخدمت فاؤنڈیشن نے پاکستان ڈاکٹر حفیظ الرحمان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں 500 معصوم بچوں سمیت 1200 افراد ملبے میں دبے ہیں جنہیں ریسکیو کا کوئی انتظام نہیں ہے جبکہ سرچ و ریسکیو اور میڈیکل کی ٹیمیں غزہ کے متاثرہ علاقوں کے لیے تیار ہیں۔ پاکستانی قوم آگے بڑھ کر فلسطینیوں کی امداد کرے۔
انہوں نے کہا کہ 7 اکتوبر سے انٹرنیشنل پارٹنر این جی اوز کے اشتراک سے فلسطین اور غزہ میں الخدمت فاؤنڈیشن کا ریسکیواور ریلیف آپریشن جاری ہے اور غزہ فلسطین کی وزارت صحت کے ترجمان سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
ڈاکٹر حفیظ الرحمان نے کہا کہ وہاں کی صورتحال سے پوری طرح باخبر ہیں اور پہلے مرحلے میں فوڈ پیکج، ادویات، کمبل سمیت 10 کروڑ کا امدادی سامان فراہم کر دیا گیا ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں 50 کروڑ روپے کا فنڈ مختص کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت الخدمت فاؤنڈیشن کی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں اپنے تمام سامان سمیت تیار اور سگنل کی منتظر ہیں جونہی راستہ ملے گا ہماری ٹیمیں وہاں پہنچ کر متاثرہ افراد کو ریسکیو کریں گے۔