حماس کے ابابیلوں نے اسرائیل کے غبارے سے ہوا نکال دی، ڈاکٹر طارق سلیم
امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا ہے کہ حماس کے ابابیلوں نے اسرائیل کے غبارے سے ہوا نکال دی۔
امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے راولپنڈی میں یکجہتی فلسطین ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غاصب یہودیوں کو فلسطین کے تمام علاقے چھوڑنے ہوں گے اور 2 ریاستی فارمولہ کسی صورت قابل قبول نہیں ہو گا۔
انہوں ںے کہا کہ مغرب کو یہودیوں سے اتنی محبت ہے توانہیں امریکہ اور برطانیہ میں ریاست قائم کرنے کی اجازت دے مسلم ممالک کے حکمران شرم کریں اور غزہ میں محصور مظلوم بچوں اور خواتین کو عالمی شیطانوں کے گروہ سے آزادی دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ پورا عالم کفر اسرائیل کا پشتیبان بن کر اسلحے سمیت تمام ترامداد فراہم کر رہا ہے جبکہ پونے 2 ارب مسلمانوں کی نمائندگی کرنے والے مسلم حکمران مذمت اور سفارتی زبان کی نوک پلک درست کرنے میں لگے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی مصلحت کے بغیر ہر طرح کا اسلحہ اور فوج غزہ اور فلسطین کے مسلمانوں کی آزادی کے لیے استعمال ہونا چاہیے۔ بیت المقدس ہمارے لیے مکہ مکرمہ اور مدینہ النبیﷺ جتنا ہی معتبر ہے اس کو مسمار کرنے کا منصوبہ کبھی کامیاب نہیں ہوسکتا۔