نواز شریف وطن واپسی کے دوران اسلام آباد میں ٹیکنیکل لینڈنگ کر سکتے ہیں؟
اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سینیٹر عرفان صدیقی نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیر اعظم اور نوازلیگ کے سربراہ نوازشریف 21اکتوبر کو اپنی وطن واپسی کے دوران لاہور آتے ہوئےاسلام آباد میں ایک ’ٹیکنیکل لینڈنگ‘ کر سکتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ وطن واپسی سے دو دن قبل متحدہ عرب امارات آنے اور 21 اکتوبر کو علامہ اقبال ائیر پورٹ پر اترنے کا پروگرام طے ہے۔ ’’21 اکتوبر کو ہی ایک اور چھوٹی سے پرواز کا پیوند بھی لگ سکتا ہے لیکن یہ تجسس برقرار رہنا چاہیے‘‘۔
ان کے چارٹر پلان کے مطابق نوازشریف کے جہاز کو دبئی سے آتے ہوئے ایندھن کے لیے اسلام آباد میں رکنے کی ضروررت نہیں ہے وہ چند ’ قانونی امور‘ نمٹانے کےلیے اسلام آباد میں لینڈنگ کریں گے اور بالفرض اگر انہیں اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے قبل از حراست حفاظتی ضمانت مل گئی ہوتی تو شاید انہیں اسلام آباد رکنے کی حاجت پیش نہ آتی۔
اس معاملے کو فی الحال خفیہ رکھا گیا ہے اور پی ایم ایل کے ذرائع کو بھی لاہور آتے ہوئے اسلام آباد میں ان کی لینڈنگ کا کوئی سراغ نہیں ہے۔ یہ بھی قیاس کیا جا رہا ہے کہ وہ اسلام آباد میں ایک اہم میٹنگ کے لیے رک رہے ہیں۔