الخدمت فاؤنڈیشن کا 10 کروڑ روپے سے فلسطین کیلئے میڈیکل ریلیف کا اعلان
اسلام آباد: الخدمت فاؤنڈیشن نے 10 کروڑ روپے سے فلسطین کے مصیبت زدگان کیلئے میڈیکل ریلیف کا اعلان کر دیا۔
فلسطین میں موجودہ صورتحال کے حوالے سے الخدمت فاؤنڈیشن کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمن، نائب صدر محمد عبد الشکور اور سیکرٹری جنرل سید وقاص انجم جعفری سمیت دیگر ذمہ داران شریک ہوئے۔
ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے غزہ میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں اب تک سینکڑوں افراد جاں بحق اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں جنہیں طبی امداد کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن نے اسی ضرورت کے پیشِ نظر ابتدائی طور پر 10 کروڑ روپے سے میڈیکل ریلیف فنڈ قائم کیا ہے جو ترک رفاعی اداروں کے تعاون سے متاثرہ علاقوں میں پہنچایا جائے گا۔