ورلڈ کپ کی جنگ: کون سی ٹیم کتنی بار عالمی چیمپئن بنی؟ تفصیلات جانیے
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء کا آغاز آج سے بھارت ہو گا، ون ڈے کرکٹ پر حکمرانی کیلئے دس ٹیمیں پنجہ آزمائی کریں گی، آسٹریلیا 5 بار ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کر چکا۔
تفصیلات کے مطابق اب تک کھیلے گئے ورلڈ کپ کے 12 ایڈیشنز میں آسٹریلیا کی ٹیم کو سب سے زیادہ 5 ورلڈ کپ جیتنے کا اعزاز حاصل ہے، ویسٹ انڈیز اور بھارت کی ٹیم نے دو، دو بار کرکٹ کا عالمی کپ اپنے نام کیا ہے۔
1975ء میں کرکٹ ورلڈ کپ کا پہلا ایڈیشن انگلینڈ میں کھیلا گیا جہاں اس وقت کی مضبوط ترین ٹیم ویسٹ انڈیز نے ٹائٹل اپنے نام کیا، کیریبیئن ٹیم نے فائنل میں آسٹریلیا کو 17 رنز سے شکست دی تھی، ورلڈ کپ کا دوسرا ایڈیشن بھی ویسٹ انڈیز کے نام رہا، 1979 میں کھیلے گئے ورلڈ کپ میں دفاعی چیمپئن نے فائنل میں انگلینڈ کو 92 رنز سے ہرایا تھا۔
1983 کا ورلڈ کپ بھارت نے اپنے نام کیا، بھارت نے فائنل میں دو بار کی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو 43 رنز سے شکست دی، 1987 کا کرکٹ ورلڈ کپ آسٹریلیا نے جیتا، کینگروز نے فائنل میں انگلینڈ کو 7 وکٹوں سے مات دی، 1992 کے ورلڈ کپ کا تاج پاکستان کی ٹیم نے اپنے سر سجایا، فائنل میں انگلینڈ کو 22 رنز سے شکست ہوئی تھی۔
1996ء کا کرکٹ ورلڈ کپ سری لنکا نے جیتا تھا، آئی لینڈرز نے فائنل میں آسٹریلیا کو 7 وکٹوں سے شکست دی، 1999ء 2003ء اور 2007ء میں آسٹریلیا نے لگاتار تین ورلڈ کپ جیت کر مسلسل تین ورلڈ کپ جیتنے والی پہلی ٹیم کا اعزاز حاصل کیا، 2011ء میں بھارت نے سری لنکا کو 6 وکٹوں سے ہرا کر دوسری بار ورلڈ کپ اپنے نام کیا۔
2015ء میں آسٹریلیا نے ایک بار پھر نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے مات دے کر پانچویں بار ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا، 2019ء میں انگلینڈ نے اپنی سرزمین پر نیوزی لینڈ کو شکست دے کر پہلی بار ورلڈ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔