مستونگ اور ہنگو دھماکوں کے مقدمے درج
مستونگ اور ہنگو دھماکوں کے مقدمے نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف درج کر لیے گئے۔
مستونگ میں خودکش دھماکے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانہ کوئٹہ میں درج کیا گیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق خودکش دھماکے کا مقدمہ نامعلوم حملہ آوروں کے خلاف درج کیا گیا ہے۔
مقدمہ قتل، اقدام قتل، دہشت گردی، ایکسپلوژو ایکٹ کے تحت درج کیا گیا جبکہ دھماکے کے بعد تحقیقات جاری ہیں تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔
دوسری جانب ہنگو دھماکے کے درج کردہ مقدمہ متن کے مطابق 2 نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے آ کر فائرنگ کی جبکہ سپاہی نے حملہ آوروں پر جوابی فائرنگ کی۔
موقع پر موجود پولیس اہلکار سعید الرحمان نے دہشت گرد سے بندوق چھین لی
واضح رہے کہ 29 ستمبر کو ہنگو میں ایک تھانے کی مسجد میں دہشتگردوں کی جانب سے حملہ کیا گیا تھا جس میں پولیس اہلکاروں کی بروقت مزاحمت سے ایک حملہ آور مسجد کے باہر ہی مارا گیا جبکہ دوسرا مسجد میں داخل ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا۔ دھماکے میں 5 افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہو گئے تھے۔
دھماکے کی وجہ سے مسجد کی چھت زمین بوس ہو گئی تھی۔