معروف شاعر و ادیب، دانشور ، نقاد اور سماجی کارکن فرحت عباس شاہ متحدہ عرب امارات کے دورے پہ
شارجہ معروف شاعر و ادیب، دانشور ، نقاد اور سماجی کارکن فرحت عباس شاہ آجکل متحدہ عرب امارات کے دورے پہ ہیں۔اس موقع پہ انھوں نے جی ایم انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل سٹڈیز کا دورہ بھی کیا ۔ موسیقی کے افق پہ ابھرتے نوجوان گلوکار (فرحت عباس شاہ کے صاحبزادے )سمیر عباس بھی ان کے ہمراہ تھے۔فیڈرل بورڈ سے ملحقہ تعلیمی ادارے جی ایم کالج کےسربراہ پروفیسر شاہد اقبال کاہلوں نے انھیں شارجہ بک اتھارٹی میں موجود اپنے کیمپس میں مدعو کیا جہاں جی ایم کالج اور اس سے وابستہ یونیورسٹیوں کا سٹاف بھی موجود تھا۔
عمان سے تعلق رکھنے والے پنجابی کے معروف شاعر محمد علی فضل خصوصی طور پہ تشریف لائے۔اوورسیز پاکستان یونائیٹڈ فورم کے چئیرمین میاں منیر ہانس ، پاکستان سوشل سینٹر شارجہ کے صدر چوہدری خالد ، پاک اتحاد ویلفئیر سوسائیٹی کے صدر انجینئیر محمد جاوید، متحدہ عرب امارات کی کامیاب کاروباری اور سماجی شخصیات حا جی امان اللہ اور عبدالمجید مغل بھی اس ملاقات میں شامل تھے۔
پروفیسر شاہد اقبال کاہلوں نے مہمانان کو اس ادارے کے مقاصد سے آگاہ کیا۔ ۲۰۱۹ میں جی ایم کے نام سے قائم ہونے والے اس انٹیٹیوٹ کا عزم پاکستانی کمیونٹی کی خدمت ہے۔ متحدہ عرب امارات میں موجود وہ بچے جو کسی بھی باعث سکول سے باہر رہ جاتے ہیں حتیٰ کہ وہ پاکستانی سکولوں میں بھی محدود سیٹوں یا بڑھتی عمر کے باعث داخلہ حاصل نہیں کر پاتے ، جی ایم کالج ایسے بچوں کے تعلیمی مسائل کے حل کےلئے اپنی خدمات پیش کرتا ہے تاکہ بچوں کی تعلیم کا سفر جاری رہے۔ اس ادارے میں بچے انتہائی کم فیس ادا کر کے فیڈرل بورڈ، کیمرج، جی ای ڈی کے سرٹیفیکیٹ کے ساتھ اپنی بنیادی تعلیم کر نے کے بعد نہ صرف پاکستان کی سرحد یونیورسٹی (راس الخیمہ کیمپس) میں اپنی ڈگری کر سکتے ہیں بلکہ جی ایم نے محدود وسائل والے ان بچوں کے لئے سائپرس گلوبل انٹرنیشنل یونیورسٹی کا بھی انتظام کر رکھا ہے۔
ادارے کی پرنسپل نبراس سہیل صاحبہ نے پریزنٹییشن کے ذریعے جی ایم کے شارجہ، عجمان، راس الخیمہ اور فجیرہ میں قائم کیمپسز کا دورہ کروایا اور بتایا کہ ادارے میں طلبا کو آن لائن اور فزیکل دونوں طرح کی سہولیات دی جاتی ہے؛مقصد ان کی تعلیم کا سفر جاری رکھنا ہے۔ گزشتہ پانچ برسوں سے جی ایم ہر سطح پر بہترین رزلٹ بھی پیش کر رہا ہے اور طلبا کی ذاتی اور سماجی سطح پہ نگہداشت بھی کر رہا ہے۔ فرحت عباس شاہ اور دیگر مہمانان نے جی ایم کے مقاصد اور کارکردگی پر انتہائی خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا کہ پروفیسر شاہد اقبال کاہلوں جیسے لوگ اس دور میں بھی بے لوث خدمت کا جذبہ رکھتے ہیں۔
فرحت عباس شاہ پاکستان اور پاکستان سے باہر مقیم اپنے لوگوں کی حقیقی تخلیقی کاوشوں کی ترویج کے لئے پاکستان رائٹرز یونین کی سرپرستی فرما رہے ہیں ۔اس موقع پر انھوں نے جی ایم کالج کی پرنسپل نبراس سہیل، جنھوں نے حال ہی میں پرواز کے نام سے نوبیل انعام یافتہ مصنفہ اولگا تکارچک کے پولش ناول فلائٹس کا ترجمہ کیا ہے، کو اپنی تنظیم پاکستان رائٹرز یونین کے دبئی چیپٹر کی عبوری صدر بھی منتخب کیا۔
تمام شرکانے کھل کر متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی بچوں کے تعلیمی مسائل پہ بات کی،بحیثیت سماجی شخصیات اپنی اپنی کاوشوں کا تذکرہ بھی کیا اور انھیں مزید یکجا کرنے کا عزم کیا۔ مہمانوں نے جی ایم انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل سٹڈیزکے روشن مستقبل کے لئے اپنے پرخلوص اور نیک جذبات کا اظہار کیا۔