کراچی، غیرمعیاری اسمگل شدہ دودھ بنانیوالے کارخانے پر چھاپہ، 3 ملزمان گرفتار
کراچی کے ضلع کیماڑی تھانہ مدینہ کالونی پولیس نے جعلی دودھ کے کارخانے پر چھاپہ مارا، جہاں غیرمعیاری اسمگل شدہ دودھ کو امپورٹڈ ملٹی نیشنل کمپنیوں کی پیکنگ میں پیک کیا جارہا تھا۔
کارخانے میں جعلی دودھ میں چینی، سوجی و دیگر اشیاء بھی ملائی جارہی تھیں، اس دوران 42 خشک دودھ کے بورے، 2 بورے چینی، 3 بورے سوجی اور مختلف کمپنیوں کی پیکنگ، سپلائی کے لئے استعمال ہونے والا رکشہ، جنریٹر، گیس سلینڈرز، ڈرم، بالٹیاں، ٹب اور چمچے وغیرہ برآمد کرلئے گئے۔
مکروہ دھندے میں ملوث رضوان، جاوید اور حسنین گھانچی نامی تین ملزمان شامل تھے، جن کے خلاف مقدمہ کا اندراج کرکے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔
ملزمان کو ایس ایچ او مدینہ کالونی انسپکٹر راؤ ذاکر محمود نے پولیس پارٹی کے ہمراہ خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کیا۔