چیئرمین پی ٹی آئی کی اٹک سے اڈیالہ جیل منتقلی، متضاد بیانات
اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو اٹک جیل سے اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا حکم دیا۔ جس پر پی ٹی آئی وکیل نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیراعظم کو اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا تاہم اٹک جیل حکام نے اس کی تردید کردی۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے دوران سماعت ریمارکس دیئے کہ یہ تو طے شدہ ہے کہ وہ بہتر کلاس کے حق دار ہیں۔ ایسا نہیں ہونا چاہیئے کہ کوئی حق تلفی ہو۔ قانون کے مطابق اسلام آباد کے انڈر ٹرائل قیدی کو اڈیالہ جیل ہونا چاہئے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ بتایا گیا تھا کہ اب جیل میں اے،بی اور سی کلاس ختم ہو گئی ہے، جس پر وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ اب جیل میں عام اور بہتر کلاس ہوتی ہے، وہ بہتر کلاس کے حقدار ہیں۔
چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں ہونا چاہیئے کہ ان کی کوئی حق تلفی ہو، جیل رولز کے مطابق وہ جن چیزوں کے حقدار ہیں وہ انہیں ملنی چاہئیں، چیئرمین پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل شفٹ کریں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل شیر افضل مروت نے ٹویٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کو اٹک جیل سے سینٹرل جیل اڈیالہ منتقل کردیا گیا۔