ڈالر کی قیمت جلد 250 تک آنے والی ہے، کامران ٹیسوری
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ ڈالر بلیک مارکیٹنگ کی وجہ سے اوپر گیا، ڈالر کی قیمت جلد 250 تک آنے والی ہے۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے نگران وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے ملاقات کی، ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ مرتضی سولنگی اپنی ذمے داریاں احسن طریقے سے انجام دے رہے ہیں، آنے والے دنوں میں ملکی معیشت میں مزید مثبت تبدیلیاں نظر آئیں گی۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ مثبت پیش رفت سے ہی پاکستان آگے بڑھے گا، یو اے ای، چائنہ، ترکیہ سے مثبت جوابات آئے ہیں، ان ممالک کا پاکستان کی معیشت کی بہتری میں اہم کردار ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ نگران حکومت پاکستان کی بہتری کے لیے کام کر رہی ہے، نگران حکومت ملک کو درست راہ پر گامزن کر کے جائے گی تو یاد رکھا جائے گا۔
اس موقع پر وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے کہا کہ گورنر سندھ سے ملاقات مثبت رہی، مردم شماری کے مطابق حلقہ بندیوں کا کام جاری ہے، نگران حکومت آئین و قانون کے مطابق وجود میں آئی۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی جماعت کو تحفظات ہیں تو الیکشن کمیشن کے ساتھ معاملات کو اٹھائیں، ہمارے پاس الیکشن کمیشن سے پوچھ گچھ کا اختیارنہیں۔
مرتضی سولنگی کا کہنا تھا کہ صحافی جان مہر قتل کیس میں انصاف ہو گا، نوازشریف کا معاملہ عدالتوں اور قانون کا معاملہ ہے، نوازشریف معاملے کا نگران حکومت سے کوئی تعلق نہیں، مجھے نہیں پتا نوازشریف حفاظتی ضمانت لے کر آئیں گے یا نہیں، نواز شریف کے حوالے سے ابھی کچھ کہنا قبل ازوقت ہو گا۔