آصف زرداری اور چوہدری شجاعت کی ملاقات، قیاس آرائیوں کا بازار گرم
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جنوری کے آخری ہفتے میں ملک میں انتخابات کے انعقاد کے اعلان کے چند گھنٹے بعد پیپلز پارٹی کے رہنما آصف علی زرداری نے مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور انتخابات کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا جس میں پنجاب میں انتخابی اتحاد اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرنے کی تجویز بھی شامل تھی۔
تقریباً 40 منٹ طویل ملاقات کے دوران بات چیت کا محور ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال رہی جب کہ اس دوران آصف زرداری نے تجربہ کار سیاستدان کی خیریت بھی دریافت کی۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی بات چیت کی تفصیلات سے متعلق کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا، پیپلز پارٹی کے مرکزی میڈیا سیل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری ایک پوسٹ میں کہا کہ آصف زرداری نے مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کی اور ان سے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے آصف زرداری کو اپنی پارٹی کے لیے پنجاب میں سیٹیں حاصل کرنے کے لیے سیٹ ایڈجسٹمنٹ سمیت دیگر معاملات سے متعلق سیاسی جماعتوں کی اعلیٰ قیادت سے میٹنگز کرنے کا اختیار دیا ہے، اس لیے سابق صدر لاہور میں مقیم ہیں اور اس سلسلے میں کوششیں شروع کر دی ہیں۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف جمعرات کو لندن پہنچ گئے جہاں وہ پارٹی قائد نواز شریف سے سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ شہباز شریف 2 روز قبل ہی برطانیہ سے وطن واپس آئے تھے، اس کے علاوہ مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز بھی ملاقات میں شرکت کے لیے لندن چلی گئی ہیں، ملاقات کا کا مقصد انتخابات کے لیے منصوبہ بندی کرنا ہے۔