الیکشن کمیشن نے جنوری 2024 کے آخری ہفتے میں عام انتخابات کا اعلان کردیا
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے جنوری 2024 کے آخری ہفتے میں عام انتخابات کروانے کا اعلان کر دیا۔
الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق عام انتخابات جنوری کے آخری ہفتے میں کروا دیے جائیں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست 27 ستمبر 2023 کو شائع کی جائے گی جبکہ حتمی فہرست30 نومبر کو شائع کی جائےگی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حلقہ بندیوں پر اعتراضات اور تجاویز کی سماعت کے بعد 30 نومبر کو حتمی فہرست دی جائے گی۔ حتمی فہرست کے 54 دن بعد جنوری کے آخری ہفتے میں عام انتخابات کرائے جائیں گے۔
خیال رہے کہ سیاسی جماعتوں کی جانب سے نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن سے ملک میں جلد صاف شفاف عام انتخابات کروانے کا مطالبہ کیا جارہا تھا۔ اس حوالے سے نگراں حکومت کا مؤقف تھا کہ الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے اور الیکشن کمیشن ہی عام انتخابات کی تاریخ دے گا۔
پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کا انتخابات کی تاریخ کا اعلان خوش آئند ہے ۔ پیپلز پارٹی کا بھی یہی مطالبہ تھا ۔ فیصلے سے غیریقینی کا خاتمہ ہوگا۔
فوری طور پر تیاریاں شروع کرنےکا حکم
دوسری جانب عام انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں الیکشن کمیشن نے چاروں صوبائی چیف سیکریٹریز کو ہنگامی خط میں فوری طور پر تیاریاں شروع کرنےکا حکم دے دیا۔
مراسلے کے مطابق آرٹیکل 220 کے تحت تمام ایگزیکٹو ادارے انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کی معاونت کے پابند ہیں، ضلعی انتظامیہ کو بھی انتخابات کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن کی معاونت کا پابند بنایا جائے۔ پورے ملک میں انتظامی اور لاجسٹک سپورٹ فراہم کی جائے۔