پی آئی اے نے 17 ارب کی قرض وصولی کے بعد فلائٹ آپریشنز بحال کردیا
مالی مسائل سے دوچار پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے بینکوں سے17 ارب روپے کا قرض حاصل کرنے کے بعد فلائٹ آپریشنز بحال کرنے کا اعلان کردیا۔
خیال رہے کہ یہ پیشرفت اس وقت ہوئی ہے جب پی آئی اے نے مالی بحران کے پیش نظر مبینہ طور پر متعدد طیاروں کو گراؤنڈ کردیا تھا جہاں ان طیاروں کو اگلے چند مہینوں تک اپنے آپریشنز کو برقرار رکھنے کے لیے فنڈز کی کمی کا سامنا تھا۔
کچھ میڈیا رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا تھا کہ پی آئی اے کی جانب سے 15 ستمبر تک آپریشن بند کر دیا جائے گا، جس پر ایئر لائن کی انتظامیہ اور سینیٹ میں قانون سازوں کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا۔
وزارت ہوا بازی نے 23 ارب روپے کی نقد رقم طلب کرتے ہوئے حکومت کو مطلع کیا تھا کہ بوئنگ اور ایئربس ستمبر کے وسط تک اسپیئر پارٹس کی سپلائی بند کرنے جا رہے ہیں۔