اسٹاک مارکیٹ سے سرمایہ حاصل کرنے کے رجحان میں اضافہ
فاسٹ کیبلز اگلے چار سے چھ ہفتوں کے دوران پاکستان اسٹاک مارکیٹ سے سرمایہ اکھٹا کرنے کے لیے اپنے حصص پیش کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، ایک ایسے وقت میں جب تجارتی بینکس بھاری شرح سود پر قرضے فراہم کر رہے ہیں، تجارتی کمپنیوں کیلیے اسٹاک ایکسچینج سے سرمایہ اکٹھا کرنے کا رجحان بڑھ رہا ہے۔
ایم ڈی پی ایس ایکس فرخ خان نے کہا کہ مرکزی بینک کی جانب سے بینچ مارک پالیسی ریٹ 300 بیسس پوائنٹس تک بڑھانے سے تجارتی بینکوں کی شرح سود بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے، مارکیٹ میں بہت لیکویڈیٹی موجود ہے، لہٰذا تجارتی کمپنیوں کے لیے بینکوں سے بھاری شرح سود پر قرضے حاصل کرنے کے بجائے اسٹاک مارکیٹ سے سرمایہ حاصل کرنے کے بہترین مواقع موجود ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ ان مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے الیکٹرانک کیبل، کوکنگ آئل اور لاجسٹکس سے وابستہ تین سے چار کمپنیاں پر تول رہی ہیں، ان کے علاوہ بھی مزید کمپنیاں رواں سال کے دوران ابتدائی حصص کی فروخت کا ارادہ رکھتی ہیں، پی ایس ایکس نے فاسٹ کیبلز کو حصص کی ابتدائی فروخت کا پراسس شروع کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ تاہم، ان کو ابھی سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمپنییز آف پاکستان سے اجازت درکار ہے۔