شہباز شریف نے نواز شریف کی وطن واپسی کی حتمی تاریخ کا اعلان کر دیا

مسلم لیگ ( ن ) کے صدر اور سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے قائد ( ن ) لیگ نواز شریف کی وطن واپسی کی حتمی تاریخ کا اعلان کردیا۔
قائد ( ن ) لیگ نواز شریف سے سابق وزیر اعظم شہباز شریف اور سابق وفاقی وزیر خواجہ آصف نے لندن میں ملاقات کی۔
ملاقات کے بعد شہباز شریف نے بتایا کہ پارٹی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ نواز شریف 21 اکتوبر کو لاہور میں لینڈ کریں گے اور وطن واپسی پر ان کا پرتپاک استقبال کیا جائے گا۔
نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے شہباز شریف آئندہ چند دنوں میں پاکستان کیلئے روانہ ہوں گے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پورا ملک نواز شریف کی واپسی کا منتظر ہے، ملک وہیں سے ترقی کرے گا جہاں سے انہوں نے چھوڑا تھا، ملک بھر سے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا سہرا بھی انہیں کے سر ہے۔
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، 2013 سے 2018 میں ان کے دور حکومت کے دوران پاکستان ترقی کر رہا تھا، 2018 کے جھرلو الیکشن کے نتیجے میں ترقی کا تسلسل ٹوٹا اور انہیں سازش کے تحت اقتدار سے محروم کر دیا گیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف اقتدار سے محروم نہیں ہوئے بلکہ عوام ترقی و خوشحاتی سے محروم کردیئے گئے۔
دوسری جانب خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی وطن واپسی کے لئے 21 اکتوبر کی تاریخ طے پاگئی ہے، پاکستان آمد سے قبل نواز شریف عمرہ ادائیگی کے لئے سعودی عرب جائیں گے اور عمرہ ادائیگی کے بعد جدہ سے لاہور پہنچیں گے۔
خاندانی ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف کے پرتپاک استقبال کے لئے پورے پاکستان سے پارٹی کارکنوں کو لاہور پہنچنے کا کہہ دیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں مسلم لیگ ( ن ) کی رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے بھی اس حوالے سے بیان جاری کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ معمار پاکستان اور رہبر عوام محمد نواز شریف 21 اکتوبر پر وطن واپس تشریف لائیں گے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ محسن عوام محمد نواز شریف کا وطن آمد پر فقید المثال استقبال کیا جائے گا۔

Latest Notifications

Create Post