نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کا حج انتظامات کے جائزہ کیلئے کمیٹی بنانے کا فیصلہ
نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے حج انتظامات کے جائزے کیلئے کمیٹی بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے وزارت کو ہدایت کی ہے کہ حجاج کے لئے کئے جانے والے انتظامات پرکسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے،نجی کمپنیوں کی کڑی نگرانی کرکے یہ یقینی بنایا جائے کہ ان کے توسط سے جانے والے حاجیوں کوبھی کسی قسم کی مشکلات نہ پیش آئیں۔
پیر کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم نے نگراں وزیرِ مذہبی امور انیق احمد اور سیکرٹری مذہبی امور کو اپنی نگرانی میں حج انتظامات کی پیشگی تیاری کی ہدایت کی۔وزیرِاعظم نے حج انتظامات کے جائزہ کیلئے کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا۔وزیرِ اعظم نے وزارت مذہبی امور کو حج 2023 کے حوالے سے حجاج کی شکایات پر جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔
وزیرِاعظم نے وزارت مذہبی امور اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کو باہمی اشتراک سے حجاج کی سہولیات اور شکایات کے اندراج کیلئے موبائل ایپلی کیشن اور ویب سائٹ بنانے اور نجی حج کمپنیوں کے حوالے سے شکایات پر رپورٹ پیش کرنے اور اس نظام کیلئے اصلاحاتی کمیٹی بنانے کی ہدایت کی۔وزیر اعظم نے کہا کہ نجی کمپنیوں کی کڑی نگرانی کرکے یہ یقینی بنایا جائے کہ ان کے توسط سے جانے والے حاجیوں کوبھی کسی قسم کی مشکلات نہ پیش آئیں۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ حجاج کے لئے کئے جانے والے انتظامات پرکسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔