واٹس ایپ نے ایچ ڈی تصاویر اور ویڈیوز کا فیچر متعارف کرا دیا
واٹس ایپ نے ایچ ڈی تصاویر اور ایچ ڈی ویڈیوز کا فیچر تمام صارفین کو دستیاب کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق واٹس ایپ کے ترجمان نے کہا ہے کہ اب ایچ ڈی تصاویر اور ویڈیوز کا فیچر دنیا بھر میں صارفین استعمال کر سکتے ہیں اور نئے فیچر کے ذریعے صارفین اپنے اہم لمحات کو شیئر کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس نئے فیچر کے ذریعے اب صارفین واٹس ایپ پر 720p ریزولوشن والی ویڈیوز اپنے دوستوں سے شیئر کر سکیں گے، اس سے پہلے 480p ویڈیوز کو ہی بھیجنا ممکن تھا۔
اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے اس فوٹو یا ویڈیو کو سلیکٹ کریں جس کو شیئر کرنا چاہتے ہیں اور اسکرین پر اوپر ایڈیٹنگ ٹولز میں ایچ ڈی کے آپشن پر کلک کریں۔
جب آپ اس ایچ ڈی بٹن پر کلک کریں گے تو ایک نئی پوپ اپ ونڈو نمودار ہوگی جہاں آپ فوٹو یا ویڈیو کوالٹی سلیکٹ کر سکیں گے، واٹس ایپ میں بائی ڈیفالٹ اسٹینڈرڈ کوالٹی کو سلیکٹ کیا گیا ہے مگر اس کے نیچے ایچ ڈی کوالٹی کا آپشن بھی ہوگا۔
جب کوئی صارف ایچ ڈی کوالٹی کو سلیکٹ کرکے فوٹو یا ویڈیو بھیجے گا تو اس میں ایچ ڈی لیبل بھی بائیں کونے میں نیچے نظر آئے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ مارک زکربرگ نے اعلان کیا تھا کہ واٹس ایپ میں ایچ ڈی تصاویر شیئر کرنے کا فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے جبکہ ایچ ڈی ویڈیوز کا فیچر بھی جلد میسجنگ ایپ کا حصہ بنے گا۔