کورکمانڈرز کانفرنس ،دہشتگردوں سے ریاست کی پوری طاقت سے نمٹنے کا عزم

پاک فوج نے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے دشمن قوتوں کے کہنے پر کام کرنے والے تمام دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والوں سے ریاست کی پوری طاقت سے نمٹنے کا عزم کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں 259ویں کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد ہوا۔فورم میں شہداء کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی اور اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ ریاست پاکستان اور مسلح افواج شہداء اور ان کے اہلخانہ کو ہمیشہ انتہائی عزت و تکریم سے نوازتی رہیں گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے مسلح افواج کے افسران اور جوانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں سمیت شہداء کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے ملک کی حفاظت و سلامتی اور علاقائی سالمیت کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
جاری بیان کے مطابق 6 ستمبر کو ملک بھر میں یوم دفاع و شہدا کی تقریب کو معاشرے کے تمام طبقات نے سراہا جس پر افواج پاکستان ہماری قابل فخر قوم کی ہمیشہ مشکور ہیں۔
فورم کےشرکاء کو موجودہ جیو اسٹریٹجک ماحول، قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور بڑھتے ہوئے خطرے کے جواب میں اپنی حکمت عملی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔اس دوران شرکاء نے ہر قسم کے بالواسطہ اور بلاواسطہ خطرات کیخلاف پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کیلئے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا۔
فورم نے ایک بار پھر اس بات کی تصدیق کی کہ ریاستی اداروں اور عوام کے درمیان دراڑ پیدا کرنے کیلئے نفرت انگیز پروپیگنڈا کرنیوالوں کی مایوسی ان کی بڑھتی ہوئی مایوسی کی طرف اشارہ ہے اور اس کے نتیجے میں ایسے عناصر کی مزید تذلیل ہوگی، انشاء اللہ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے فیصلہ کیا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے دشمن قوتوں کے کہنے پر کام کرنے والے تمام دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والوں سے ریاست کی پوری طاقت سے نمٹا جائے گا

Latest Notifications

Create Post