کراچی میں فائرنگ، کونسلر جاں بحق
شہر قائد کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں ملزمان کی فائرنگ سے کونسلر جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہو گئے۔
کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن یونین کونسل 5 میں نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان نے کونسلر اور ان کے ساتھیوں پر فائرنگ کی۔ ملزمان فائرنگ کرنے کے بعد فرار ہو گئے۔
جاں بحق ہونے والے کونسلر محمد حبیب اور زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا
پولیس کے مطابق مقتول کا عباسی شہید اسپتال میں پوسٹ مارٹم کیا گیا جس کے بعد لاش کو ورثا کے حوالے کر دیا گیا۔ ایم ایل او عباسی شہید اسپتال کے مطابق مقتول کو سینے پر ایک گولی لگی۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے کونسلر نے ملزمان کو کنڈا لگانے سے منع کیا تھا جس پر ملزمان نے فائرنگ کر دی۔ جھگڑے کے دوران 3 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سے ایک شخص گولی لگنے اور 2 پستول کے بٹ لگنے سے زخمی ہوئے۔ عینی شاہدین کے بیانات لیے جا رہے ہیں۔