ایک لاکھ ڈیجیٹل ملازمتوں کی تربیت دینے کا منصوبہ
سعودی عرب نے ایک لاکھ شہریوں کو ڈیجیٹل ملازمتوں کی تربیت دینے کا منصوبہ کر لیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی عرب نے’’فیول‘‘ (ایندھن) کے نام سے کورسرا کے تعاون سے ایک نیا تربیتی پروگرام شروع کیا ہے۔اس کا مقصد اس اقدام کے پہلے سال میں ایک لاکھ سعودی شہریوں کو زیادہ طلب کی حامل ڈیجیٹل ملازمتوں کے لیے درکار ہُنر،مہارتوں اور اسناد سے آراستہ کرنا ہے۔
سعودی عرب کی وزارت مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی (ایم سی آئی ٹی)، سعودی ڈیجیٹل اکیڈمی (ایس ڈی اے) اور کورسرا نے نیشنل ای لرننگ سینٹر (این ای ایل سی) کے تعاون سے یہ نیا تربیتی پروگرام شروع کیا ہے۔
یہ پروگرام نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور انہیں سعودی ڈیجیٹل لیبر مارکیٹ میں زیادہ مانگ کی حامل مہارتوں سے لیس کرنے کے لیے ایم سی آئی ٹی کے اقدامات میں سے ایک ہے۔
یہ شراکت داری سعودی شہریوں بشمول ملازمتوں کے لیے سرگرداں افراد، انفارمیشن اور کمیونیکیشن ٹیکنالوجی (آئی سی ٹی) کے شعبے میں مہارت حاصل کرنے کے خواہاں ملازمین، جامعات سے فارغ التحصیل ہونے والے گریجوئیٹس اور سعودی نوجوانوں کی خدمت کرے گی۔
زیادہ مانگ کی حامل ملازمتوں کے 8 شعبوں میں 40 سے زیادہ تیار کردہ لرننگ ٹریکس اور 200 تربیتی کورسز کے ساتھ یہ پروگرام سعودی شہریوں کو لچکدار، مفت سیکھنے اور تربیت کے راستے مہیّا کرے گا تاکہ وہ آئی سی ٹی میں روزگار کے اُبھرتے ہوئے مواقع تک رسائی حاصل کرنے کے لیے ضروری مہارتیں سیکھ سکیں۔