پاکستان سے معاشی استحکام اور آئی ایم ایف معاملات پر بھرپور تعاون کریں گے: امریکہ کی یقین دہانی
مریکہ نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ معیشت کے استحکام اور آئی ایم ایف کے ساتھ مسلسل رابطے سے متعلق بھرپور تعاون کریں گے۔ا
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی سفارت کار وکٹوریہ نولینڈ نے پاکستان کے نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی سے ٹیلی فونک گفتگو کی اور انہیں وزارت کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد بھی دی۔
وکٹوریہ نولینڈ اور جلیل عباس جیلانی کے درمیان گفتگو کے دوران پاک امریکہ شراکت داری کو وسیع اور گہرا کرنے، پاکستان کے معاشی استحکام و خوشحالی اور آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
امریکی سفارت کار نے پاکستان کے قوانین اور آئین کے مطابق بروقت، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دو طرفہ تعلقات اور پاکستان کے معاشی استحکام، سلامتی اور خوشحالی کے لئے تعاون جاری رکھیں گے۔
امریکی سفارت کار کی پاکستان کے نگران وزیر خارجہ سے گفتگو پر امریکی ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ بات چیت پاکستان کے معاشی استحکام، خوشحالی اور آئی ایم ایف کے ساتھ اس کی مسلسل مصروفیت پر مرکوز تھی۔
خیال رہے کہ پاکستان کے وزیر خارجہ خلیل عباس جیلانی آئندہ ماہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ہونے والے 78ویں اجلاس میں شرکت کے لیے عبوری وزیراعظم کے ہمراہ امریکہ بھی جائیں گے۔