حلقہ بندیاں 14 دسمبرتک مکمل کر کے انتخابی شیڈول کا اعلان کردیں گے، چیف الیکشن کمشنر
چیف الیکشن کمشنر نے کہا ہے کہ حلقہ بندیوں کا عمل 14 دسمبر تک مکمل ہونے کے بعد انتخابی شیڈول کا اعلان کردیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی ائندہ عام انتخابات پر سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورت جاری ہے، عوامی نیشنل پارٹی اور بلوچستان عوامی پارٹی کے وفود نے آج الیکشن کمیشن میں ملاقات کی۔
چیف الیکشن کمشنر نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں کا عمل 14 دسمبر تک مکمل کر لے گا، ہم حلقہ بندیوں کے دورانیے کو مزید کم کرنے کا ارادہ بھی رکھتے ہیں
نہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن حلقہ بندیاں مکمل ہونے کے ساتھ ہی الیکشن کے شیڈیول کا اعلان کر دے گا، ممکن ہے حلقہ بندیوں کے دورانیہ کو کم کرنے کے ساتھ ہی الیکشن کمیشن انتخابی شیڈیول جاری کر دے۔
عوامی نیشنل پارٹی کے وفد نے نوے روز میں انتخابات کو آئینی ضرورت قرار دیتے ہوئے بروقت الیکشن کا مطالبہ کیا اور کہاکہ الیکشن کمیشن کو حلقہ بندیاں شروع کرنے سے پہلے سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورت کرنی چاہیے تھی، ائین کے تحت صوبوں کی نشستوں کو کم یا زیادہ نہیں کیا جاسکتا۔
اے این پی نے کہا کہ عام انتخابات کے لیے نئی حلقہ بندیوں کی ضرورت نہیں تھی، الیکشن کمیشن صرف صوبوں کے اندر ہی نشستوں کو ایڈجسٹ کر سکتا ہے لہذا الیکشن کمیشن فوری طور پر انتخابات کی تاریخ اور الیکشن شیڈیول کا اعلان کرے۔
الیکشن کمیشن اعلامیے کے مطابق بلوچستان عوامی پارٹی نے الیکشن کمیشن کے ازسرنو حلقہ بندیاں کرنے کے فیصلے کی حمایت کی۔ باپ پارٹی کے وفد نے کہا کہ الیکشن کمیشن صاف اور شفاف حلقہ بندیاں اور غیر منصفانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائے، الیکشن کا شیڈیول دینے سے پہلے الیکشن کمیشن ملک بھر میں موسمی اثرات کو بھی مد نظر رکھے اور پوری کوشش کرے کہ عام انتخابات کا انعقاد نوے روز میں ممکن ہوسکے۔
بی اے پی وفد نے کہا کہ نئی مردم شماری میں بلوچستان کی آبادی کو کم کیا گیا اس لیے یہ مردم شماری درست نہیں ہے۔
الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے سیاسی جماعتوں کے وفود کو حلقہ بندیوں کے دورانیہ میں کمی کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ حلقہ بندیاں مکمل ہوتے ساتھ ہی الیکشن کمیشن ملک بھر میں عام انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائے گا، حلقہ بندیاں اور انتخابات کا انعقاد ائین اور قانون کے مطابق شفاف انداز میں مکمل ہوگا