جرمن پارلیمان میں غیرملکیوں کی شہریت کیلئے نیا قانون پیش
یورپی ملک جرمنی ایک نیا قانون متعارف کرانے جارہا ہے ، جس کی منظوری سے غیر ملکیوں کیلئے جرمنی کی شہریت لینا مزید آسان ہو جائے گا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جرمن پارلیمان نے شہریت کے نئے قانون کو منظوری کے لیے پیش کیا گیا ہے جس میں جرمنی کی شہریت کے حصول کے لیے کم سے کم قیام کی مدت 8 سال سے کم کرکے 5 سال کر دی گئی ہے جب کہ اس قانون کے بعد دہری شہریت کے حامل تارکین وطن بھی جرمن کی شہریت کے اہل ہوں گے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ یہ مسودہ قانون جرمن کی پارلیمان میں خاتون وزیر داخلہ نینسی فائزر کی طرف سے پیش کیا گیا جس کی پارلیمان کے دونوں ایوانوں سے منظوری ہونا باقی ہے۔
ایوان میں پیش کیے گئےمجوزہ قانون کے مطابق جو لوگ بہتر انضمام اور جرمن زبان میں اعلیٰ مہارت کا مظاہرہ کریں گے، وہ صرف تین سال کے بعد شہریت حاصل کر سکیں گے جب کہ اس نئے قانون کے تحت اصولی طور پر دوہری شہریت رکھنا بھی ممکن ہو جائے گا۔تاہم وہ افراد جنہیں ملکی سالمیت مخالف یا نسل پرستانہ جرائم میں سزا مل چکی ہو ان کو جرمن شہریت نہیں دی جائے گی۔