چیف الیکشن کمشنر نے صدر مملکت سے ملاقات کرنے سے انکار کر دیا
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات نہ کرنے فیصلہ کرلیا۔
چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اہم اجلاس میں صدر مملکت کی جانب سے ملاقات کےلیے لکھے گئے خط پر غور کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ چیف الیکشن کمشنر ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات نہیں کریں گے۔
چیف الیکشن کمشنرنے صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی کو جوابی خط لکھ دیا، خط میں کہا گیا ہے کہ الیکشن ایکٹ 2017 میں ترمیم کےبعد انتخابات کی تاریخ دینا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں قانونی ٹیم کی جانب سے شرکاء کو بتایا گیا کہ الیکشن ایکٹ کے تحت صدر سے انتخابات کے شیڈول پر مشاورت ضروری نہیں۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن آئندہ عام انتخابات پر سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورت کا باقاعدہ آغازکررہا ہے۔ آج تحریک انصاف اورجمعیت علماء اسلام کے وفود الگ الگ الیکشن کمیشن سے ملاقات کریں گے۔
انتخابی شیڈول،پولنگ کی تاریخ اور حلقہ بندیوں کے روڈ میپ پربات ہوگی۔ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو 2 اورجے یوآئی کو 3 بجے بلایا ہے۔
جماعتوں سے انتخابی شیڈول اورپولنگ کی تاریخ پررائے لی جائے گی۔ الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں کے روڈ میپ پربھی مشورہ کیا جائے گا۔ مسلم لیگ ن سے 25 اورپیپلزپارٹی سے 29 اگست کو مشاورت ہوگی۔