جعلی ویزوں پر امریکا نے 21 بھارتی طلبہ کو ڈی پورٹ کردیا
ہندوستانی طلبہ دنیا بھر میں بھارت کی سبکی کا باعث بن گئے۔ امریکا نے جعلی ویزوں کی وجہ سے مزید اکیس بھارتی طلبہ کو ڈی پورٹ کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی طلباء کے خلاف کارروائیاں اٹلانٹا، شکاگو اورسان فرانسسکو ائیرپورٹس پر کی گئیں۔ ڈی پورٹ کیے گئے افراد میں سے زیادہ کا تعلق آندھراپردیش اور تلنگانہ سے ہے۔
امریکی امیگریشن حکام نے تمام 21 طلباء کے پانچ سال کے لیے امریکا میں داخلے پر بھی پابندی لگا دی ہے۔ ڈی پورٹ کیے گئے افراد جعلی ویزوں اور یونیورسٹیوں کے ایڈمیشن لیٹر کی آڑ میں امریکا میں داخل ہونا چاہتے تھے۔
امیگریشن حکام نے طویل تفتیش،موبائل فون اورواٹس ایپ ریکارڈ کی جانچ کرنے کے بعد انھیں ڈی پورٹ کیا۔ بڑی تعداد میں جعلی ویزے اورکاغذات پکڑے جانے پر بھارت کو عالمی سطح پر شدید سبکی کا سامنا ہے۔
2018میں امریکا نے ہی 129 جبکہ 2019 میں کینیڈا نے 150 بھارتی طلبہ کو جعلی ویزوں کی وجہ سے ڈی پورٹ کیا تھا۔ کینیڈین اخبار کے مطابق 2022 اور23 میں بھی اب تک کینیڈا 700بھارتی طلبہ کو ڈی پورٹ کرچکا ہے جنھوں نے جعلی ایڈمیشن لیٹروں پرکینیڈا میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی۔