رضوانہ تشدد کیس: جج عاصم کو نوکری سے برخاست کرنے کی درخواست دائر
اسلام آباد ہائی کورٹ میں کم سن گھریلو ملازمہ رضوانہ پر تشدد کے کیس میں سول جج عاصم حفیظ کو نوکری سے برخاست کرنے کی درخواست دائر کر دی گئی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ سول جج عاصم حفیظ کو نوکری سے برخاست کیا جائے۔
درخواست سول سوسائٹی نیٹ ورک اسلام آباد کے صدر عبد اللّٰہ ملک نے دائر کی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق آج سول جج عاصم حفیظ کو نوکری سے نکالنے کی درخواست پر سماعت کریں گے۔
سول جج عاصم حفیظ کی اہلیہ کم سن رضوانہ پر تشدد کے الزام میں جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں جبکہ سول جج کو تشدد کیس کے باعث لاہور ہائی کورٹ نے او ایس ڈی بنا رکھا ہے۔
واضح رہے کہ کمسن ملازمہ رضوانہ پر تشدد کیس کی تحقیقات جاری ہیں جس میں ملزمہ سومیہ عاصم کے شوہر اور سول جج عاصم حفیظ کو مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے طلب کر رکھا ہے۔
ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی سول جج عاصم حفیظ کو 5 بار طلب کر چکی ہے، سول جج تاحال جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔