یونان کے جنگل میں آتشزدگی، 18 افراد کی لاشیں برآمد، تارکین وطن ہونے کا خدشہ

یونان کے شمال مشرفی علاقے میں کئی دنوں سے جنگل میں آتشزدگی کا سلسلہ جاری ہے جہاں 18 لاشیں برآمد کی گئی ہیں جن کے حوالے سے خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ تارکین وطن کی لاشیں ہیں۔
غیرملکی خبر ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق فائر بریگیڈ حکام نے کہا کہ شمال مشرقی علاقے میں کئی دنوں سے آتشزدگی جاری ہے جہاں 18 جھلسی ہوئی لاشیں برآمد کی گئی ہیں جبکہ ہیٹ ویو سے جنوبی یورپ میں ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
فائر فائٹرز نے کہا کہ وہ اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ آیا اونٹاس گاؤں کے جنوب میں جھونپڑی کے قریب سے ملنے والی لاشیں تارکین وطن کی ہیں۔
اسپین، اٹلی اور پرتگال میں فائر فائٹرز آگ سے نمٹ رہے ہیں کیونکہ اس خطے کو گرم، خشک حالات کا سامنا ہے جسے سائنس دانوں نے موسمیاتی تبدیلی سے جوڑا ہے۔
حکام نے کہا کہ خطے کے کئی علاقں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیس تک پہنچنے یا اس سے زیادہ ہونے کا مکان ہے تاہم اٹلی اور فرانس نے کئی علاقوں میں ریڈ الرٹ جاری کر دیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی ریاست ہوائی کے ماوئی جزیرے پر رواں ماہ کے اوائل میں آگ لگنے سے 110 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ کینیڈا میں اس ہفتے برٹش کولمبیا میں تیزی سے پھیلنے والی آگ سے نمٹنے کے لیے فوج تعینات کر دی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق یونان میں تیز ہواؤں نے آگ پر قابو پانے کی کوششوں کو پیچیدہ بنا دیا ہے۔
فائر سروس کے ترجمان واسلیس ورتھاکوگیانیس نے کہا کہ موسم کی صورت حال انتہائی خراب ہے اور آنے والے دنوں تک انتہائی خراب رہے گی۔
حکام نے بتایا کہ 18 لاشیں اوانتاس گاؤں کے جنوب میں وسیع دادیا جنگل کے قریب ملی ہیں، ایک اور لاش جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ ایک تارکین وطن کی ہے وہ تقریباً 40 کلومیٹر دور دیہی علاقے سے ملی۔
فائر بریگیڈ نے کہا کہ اس کے پیش نظر کہ آس پاس کے علاقوں سے لاپتا ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے، اس امکان کی تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ آیا کہ یہ وہی لوگ ہیں جو غیر قانونی طور پر ملک میں داخل ہوئے تھے۔
اسپین میں حکام جنگل لگی بدترین آگ روکنے کے لیے کوشش کر رہے ہیں جس سے ایک ہفتے سے ٹینیرائف جزیرے پر جنگلات تباہ ہو رہے ہیں۔
آگ نے 12 میونسپلٹیز میں 15 ہزار ہیکٹر رقبہ کو جلا دیا ہے جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد نقل مکانی پر مجبور ہوگئے ہیں۔
اٹلی میں ملک کے 27 اہم شہروں میں سے 16 میں گرم موسم کے ریڈ الرٹ جاری کیے گئے ہیں، جن میں روم، میلان اور فلورنس بھی شامل ہیں۔
جنوبی فرانس کے شراب پیدا کرنے والے علاقوں میں انگور چننے والوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ علی الصبح فصل کی کٹائی کا کام شروع کر دیں تاکہ گرمی کی آخری لہر میں جھلسنے سے بچا جا سکے۔
رپورٹ میں بتایاگیا کہ اگلے 48 گھنٹوں کے دوران وادی رون میں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔

Latest Notifications

Create Post