پنڈی بھٹیاں کے قریب مسافر کوچ کو حادثہ، 18 افراد جاں بحق
فیصل آباد موٹر وے پر پنڈی بھٹیاں کے قریب پک اپ وین اور مسافر کوچ کے درمیان تصادم کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی، حادثے میں 18 مسافر جاں بحق اور 14 زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق مسافر کوچ کراچی سے اسلام آباد جارہی تھی کہ حادثہ پیش آگیا جبکہ پک اپ وین ڈیزل لے کر جارہی تھی۔
ریسکیو حکام کے مطابق مسافر کوچ میں 40 سے زائد مسافر سوار تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جبکہ اکثر زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
ڈی پی او ڈاکٹر فہد کا کہنا ہے کہ حادثے میں بس اور پک اپ وین کے ڈرائیور بھی جاں بحق ہوئے ہیں۔
ڈی ایس پی پنڈی بھٹیاں احسان ظفر نے بتایا کہ صبح سوا چار بجے کے قریب پک اپ وین اور مسافر کوچ کی ٹکر ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ حادثے کے بعد گاڑیوں میں آگ لگ گئی، دونوں گاڑیاں جل کر تباہ ہوگئی ہیں، پک اپ وین ڈیزل لے کر جا رہی تھی۔
سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے پنڈی پھٹیاں ٹریفک حادثے پردلی افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
دوسری جانب مریم نواز نے حادثے کے باعث ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہارِ ہمدردی بھی کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ واقعے پر انتہائی دکھ ہے، متاثرہ خاندانوں کے غم میں شامل ہیں، اللّٰہ تعالیٰ مرحومین کو اپنے جوار رحمت میں جگہ اور پسماندگان کو صبر دے۔