نگران وفاقی کابینہ نے حلف اٹھا لیا، قلمدان سونپ دیئے گئے، نوٹیفکیشن جاری
اٹھارہ رکنی نگران کابینہ نے حلف اٹھا لیا، صدرمملکت عارف علوی نے نگران کابینہ سے حلف لیا۔
تفصیلات کے مطابق اٹھارہ رکنی نگران کابینہ نے حلف اٹھا لیا، حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی ، 11 وزراء اور7 معاون خصوصی نے حلف لیا،جس میں صدر مملکت عارف علوی نے نگران کابینہ سے حلف لیا۔اس موقع پر نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ بھی موجود تھے۔
وفاقی نگران کابینہ کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ، جس کے مطابق وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے 10 محکمے اپنے پاس رکھے ہیں۔ان میں وزارت ہاؤسنگ،بین الصوبائی رابطہ، فوڈسکیورٹی ، زراعت اورسیفران شامل ہیں ،اس کے علاوہ کابینہ،اسٹیبلشمنٹ، نیشنل سیکیورٹی ڈویژنز،مشترکہ مفادات کونسل کےمحکمےوزیراعظم کے ماتحت ہوں گے ۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کابینہ میں شامل سرفرازبگٹی وزیرداخلہ و اوورسیز پاکستانیز، شمشاداختر وزیرخزانہ ونجکاری،جلیل عباس جیلانی وزیرخارجہ اورمرتضیٰ سولنگی وفاقی وزیراطلاعات ہونگے۔
وفاقی کابینہ میں شامل احمدعرفان اسلم وزیرقانون،موسمیاتی تبدیلی،محمدعلی وزیرتوانائی،بجلی اورپٹرولیم، گوہراعجازوزیرتجارت،صنعت وپیداواراورٹیکسٹائل اورڈاکٹرعمرسیف وزیرآئی ٹی ،سائنس اینڈٹیکنالوجی مقررکیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سمیع سعیدوزیرمنصوبہ بندی،جمال شاہ وزیرقومی ورثہ،مددعلی سندھی وزیرتعلیم وامورنوجوانان ،ڈاکٹرندیم جان وزیرقومی صحت،خلیل جارج وزیرانسانی حقوق اورانیق احمدوزیرمذہبی امورہوں گے۔
خلیل جارج وزیراقلیتی اموراورسمیع سعیدوزیرمنصوبہ بندی اورمددعلی سندھی نگران وزیرتعلیم ہوں گے۔
اس کے علاوہ ائیرمارشل(ر)فرحت حسین خان ،احدخان چیمہ اوروقارمسعودخان وزیراعظم کےمشیرہوں گے۔