واٹس ایپ کے ویب ورژن کیلئے نئے سیکیورٹی فیچر کی آزمائش
میٹا کی ذیلی میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ اپنے ویب ورژن کا سکیورٹی سسٹم مزید بہتر بنانے کیلئے نیا سکیورٹی سسٹم متعارف کروانے جا رہی ہے۔
واٹس ایپ بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق تازہ ترین واٹس ایپ ویب کا بیٹا ورژن (2.2333.11) مخصوص صارفین کیلئے جاری کیا گیا ہے، اس ورژن میں نئے سکرین لاک فیچر کو شامل کیا گیا ہے۔
یہ فیچر صارفین کی پرائیویسی اور سکیورٹی کو بہتر بنانے اور ہیکرز کو چیٹ سے دور رکھنے کیلئے بنایا گیا ہے، اس سسٹم کے تحت سکرین لاک فیچر کو آن کرنے کے بعد واٹس ایپ ویب پر اپنی چیٹ تک رسائی کیلئے صارف کو ایک پاسورڈ ڈالنا ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ اگر کوئی شخص اپنا پاسورڈ بھول جاتا ہے تو اس کو واٹس ایپ سےلاگ آؤٹ ہوکر سمارٹ فون سے دوبارہ کیو آر کوڈ سکین کرتے ہوئے لاگ ان ہونا ہوگا۔
واٹس کے سکیورٹی سسٹم میں اس نئے فیچر کے اضافے کے بعد صارفین کو اس بات کا یقین رہے گا کہ ان کی چیٹ محفوظ ہے، چاہے صارف اپنے کمپیوٹر سے دور ہی کیوں نہ ہو۔