وزیر اعظم کا اقلیتوں کو نشانہ بنانے والوں کیخلاف سخت کارروائی کاحکم
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے سانحہ جڑانوالہ کا نوٹس لیتے ہوئے واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا حکم دیدیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے ایک بیان میں نگران وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ جڑانوالہ سے موصول ہونےوالی خبروں پر دل انتہائی رنجیدہ ہے، اقلیتوں کو نشانہ بنانے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائےگی، قانون کی خلاف ورزی پر تمام قانون نافذ کرنے والوں کو کارروائی کی ہدایت کردی گئی۔
انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ واقعات میں ملوث شرپسند عناصر کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے، حکومتِ اپنی اقلیتوں کےشانہ بشانہ کھڑی ہے۔
سابق وزیراعظم شہباز شریف کی مذمت
دوسری جانب سابق وزیراعظم شہباز شریف نے بھی جڑانوالہ واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ پاکستان مسیحی برادری کے ووٹ سے بنا تھا، محسنوں کے ساتھ یہ رویہ انتہائی قابل افسوس ہے ، مسیحی برادری نے پاکستان کی سلامتی اور دفاع کے لئے خون دیا ہے۔