ملک بھر میں ہر قسم کے تقرر اور تبادلوں پر پابندی عائد
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تمام تقرر و تبادلوں پر پابندی عائد کردی، اطلاق وفاقی، صوبائی اور مقامی اداروں پر ہوگا۔ ای سی پی کے مطابق سیکریٹری الیکشن کمیشن نے نگراں حکومتوں کو مراسلہ جاری کردیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک بھر میں تمام تقرر و تبادلوں پر پابندی عائد کردی، جس کا اطلاق وفاقی، صوبائی اور مقامی اداروں پر ہوگا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سابق وزراء، مشیروں اور معاونین سے سرکاری گاڑیاں واپس لینے کا حکم دے دیا جبکہ اراکین اسمبلی سے بھی سرکاری گاڑیاں واپس لینے اور رہائش گاہیں خالی کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے اداروں میں بھرتی ہونیوالی سیاسی شخصیات کی ملازمت ختم کرنے کا حکم دیا ہے جبکہ نگراں وزیراعظم، وزرائے اعلیٰ اور کابینہ ارکان کے اثاثوں کی تفصیلات بھی طلب کرلی ہیں۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ نگراں حکومتیں قانون کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر معاملات چلائیں، جاری بین الاقوامی اور دو طرفہ معاہدوں پر عملدرآمد کروا سکتی ہیں۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن نے نگراں حکومتوں کو پابندیوں سے متعلق مراسلہ جاری کردیا۔
واضح رہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں دسمبر سے نگراں حکومتیں قائم ہیں، پی ٹی آئی نے دونوں صوبوں میں اپنی حکومتیں ختم کردیں تھیں جبکہ وفاق اور سندھ میں نگراں حکومتیں قائم ہوگئیں جبکہ بلوچستان میں نگراں وزیراعلیٰ کے نام پر حکومت اور اپوزیشن میں اتفاق نہیں ہوسکا۔