انوار الحق کاکڑ نے بطور نگران وزیر اعظم ذمہ داریاں سنبھال لیں

نگران وزیرِاعظم انوار الحق کاکڑ نے وزارتِ عظمی کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔
پیر کو انوارالحق کاکڑ نے پاکستان کے 8 ویں نگراں وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اٹھایا، ایوان صدر میں منعقدہ تقریب میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انوار الحق کاکڑ سے عہدے کا حلف لیا جبکہ تقریب میں اعلیٰ عسکری اور سیاسی حکام نے شرکت کی۔
نگراں وزیراعظم کی حلف برداری کے بعد سابق وزیراعظم شہبازشریف وزیراعظم ہاؤس سے رخصت ہوگئے، انوارالحق کاکڑ نے شہبازشریف کو رخصت کیا، سابق وزیراعظم شہبازشریف کو مسلح افواج کے چاک وچوبند دستے نے گارڈآف آنر بھی پیش کیا ۔
حلف برداری سے قبل انوارالحق کاکڑ نے سینیٹ کی نشست سے استعفیٰ دیا جسے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے منظور کرلیا، نامزد نگران وزیراعظم نے اپنی غیر جابنداری برقرار رکھنے کےلیے عہدہ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا حالانکہ قانونی طور پر انوار الحق کو سینیٹ نشست چھوڑنے کی ضرورت نہیں تھی۔
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اپنی ذمہ داریاں سنبھالتے ہی وفاقی وزارتوں سے اہم امور پر بریفنگ بھی طلب کرلی ہے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شہبازشریف اور اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کی سفارش پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آئین کے آرٹیکل 224 ایک اے کے تحت انوار الحق کاکڑ کی بطور نگران وزیر اعظم تعیناتی کی منظوری دی تھی۔

Latest Notifications

Create Post