ملک بھر میں 77 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا

ملک بھر میں 77 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔
دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جبکہ صوبائی دار الحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ اس کے علاوہ نماز فجرمیں ملکی ترقی و یکجہتی،امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
کراچی میں مزار قائد اعظم اور لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی اور مزار قائد پر نیول اکیڈمی کیڈیٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھالے جبکہ لاہور میں مزار اقبال پر پاک فوج کے دستے نے رینجرز سے گارڈز کی ذمہ داریاں لیں۔
مہمانانِ خصوصی نے مزار پر گلدستے رکھے، فاتحہ خوانی کی۔
جشن آزادی کے موقع پر متوالوں نے رنگ برنگی لائٹس، ہری بھری جھنڈیاں ،جھنڈے لگاکر پورا دیس سجا دیا۔
کراچی، لاہور، اسلام آباد سمیت ملک بھر کے مختلف شہروں اور علاقوں میں نوجوان، بچے، بزرگ اور خواتین نے ریلیوں اور تقریبات میں بھرپور شرکت کی۔ تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے آزادی کا جشن منانے میں شامل ہوئے۔
حیدر آباد میں 14 اگست کی مرکزی تقریب کا انعقاد سرکٹ ہاؤس میں کیا گیا، ملتان میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب چوک گھنٹہ گھر میں منعقد ہوئی۔
بلوچستان میں جشن آزادی کی تقریبات
بلوچستان کے مختلف شہروں میں بھی جشن آزادی پورے ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔
زیارت میں قائد اعظم ریذیڈنسی اور ہیڈ کوارٹر خاران رائفلز میں پرچم کشائی کی تقریب ہوئی۔ ڈیرہ بگٹی میں قبائلی عمائدین اورسول سوسائٹی نے ریلی نکالی۔
اس کے علاوہ تربت، قلات، پشین اور مستونگ سمیت دیگر شہروں میں بھی جشنِ آزادی کی رنگارنگ تقاریب منعقد کی گئیں اور ہر سو سبز ہلالی پرچموں کی بہار اور لبوں پر پاکستان زندہ باد کے نعرے تھے۔
واہگہ بارڈر پر پرچم اتارنے کی تقریب
یوم آزادی پر واہگہ بارڈر پر قومی پرچم اتارنے کی ولولہ انگیز تقریب ہوئی۔ کورکمانڈر لاہور لیفٹننٹ جنرل سید عامر رضا بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔ رینجرز کی پریڈ پر عوام نے نعرہ تکبیر اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا کر ماحول گرما دیا۔
کراچی میں بڑی شاہراہوں کے اردگرد قائم عمارتوں کی سجاوٹ نے شہر کے رنگ ڈھنگ ہی بدل دیے، اسلام آباد میں بھی رنگوں کی قوس و قزح چھاگئی۔
زندہ دلان لاہور میں رات 12 بجتے ہی گریٹر اقبال پارک ، پنجاب اسٹیدیم ، کلمہ چوک سمیت دیگر مقامات پر آتشبازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔

Latest Notifications

Create Post