صدر مملکت کو اسمبلی تحلیل کرنے کیلئے آج ایڈوائس بھیج دوں گا، وزیر اعظم
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم اپنی مدت پوری کر رہے ہیں، بدھ کے روز صدر مملکت کو لکھ کر بھیج دوں گا کہ اسمبلی تحلیل کردی جائے اور اس کے بعد نگراں حکومت آئے گی۔
کنونشن سینٹر اسلام آباد میں سولر ٹیوب ویلز کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ زراعت معیشت کیلئے خوشحالی لائے گی، کسان جتنی محنت کرتے ہیں اس سے بڑی ملک کی خدمت نہیں ہوسکتی، کروڑوں لوگوں کی خوراک اور گلہ پیدا کرنے سے بڑی عبادت کوئی نہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کو سستی بجلی کی ضرورت ہے، سستی بجلی مہیا کرنا کسی بھی حکومت کا فرض ہے، شمسی توانائی کیلئے 16 مہینے میں بہت محنت کی، نواز شریف کے دور میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوگیا تھا، آج تیل سے مہنگی ترین بجلی پیدا ہوتی ہے، ہم نے اربوں ڈالر کا کوئلہ باہر سےمنگوایا، تھرکول پرتوجہ نہیں دی۔
شہباز شریف نے کہا کہ خدانخواستہ ملک ڈیفالٹ کر جاتا تو دوائیاں نہ ملتیں، ہمارا زرمبادلہ کم ہو رہا ہوتا، زراعت کونقصان پہنچتا، دنیا کے بینک ہمارے ساتھ کام نہ کرتے، ایل سیز نہ کھلتیں، صنعتوں کی اربوں ڈالر کی ضروریات کو کم کرنا پڑتا۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کی شرائط انتہائی کڑی اورسخت ہیں لیکن اگر آئی ایم ایف پروگرام نہ ہوتا تو ملک انتہائی مشکل سےگزرتا۔
انہوں نے کہا کہ خواہش ہے قبر میں جانے سے پہلے ملک اس راستے پر چل پڑے جس کا قائداعظم نےخواب دیکھا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگلے الیکشن میں نوازشریف کو موقع ملا توزرعی انقلاب لائیں گے، قرض سے جان چھڑا کر غربت کا خاتمہ کریں گے اور پاکستان کو عظیم بنائیں گے۔