چیٹ جی پی ٹی سے کن ملازمتوں کے لیے خطرہ ہے؟
ٹیکنالوجی انڈسٹری میں اس سے قبل نوکریاں ختم ہونے کا ایسا خوف موجود نہیں تھا جیسا کہ چیٹ جی پی ٹی کے متعارف کروائے جانے کے بعد اس انڈسٹری کے اکثر ملازمین کو ہے۔
اس انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے ملازمین کی پریشانی میں یوں بھی اضافہ ہو گیا ہے کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی حامل اس نئی چیٹ بوٹ ٹیکنالوجی نے ورک پلیس میں ملازمین کی جگہ لینا شروع کردی ہے۔
شکاگو میں قائم کیریئرکی تبدیلی کے حوالے سے مددگار معروف فرم چیلنجر، گرے اینڈ کرسمس کے مطابق خطرے کی بات یہ ہے کہ ٹیکنالوجی انڈسٹری کی جانب سے اس سال 2022 کے مقابلے میں 5 فیصد سے زیادہ نوکریوں میں کٹوتی کی گئی ہے۔
برطرفیوں کی شرح اس تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے کہ خدشہ ہے کہ 2001 کے دوران ملازمتوں میں جو کمی واقع ہوئی تھی یہ اس سے بھی آگے نکل جائے گی، ٹیکنالوجی کے انقلاب کے سبب 2001 ملازمین کی برطرفی کے حوالے سے بدترین سال ثابت ہوا تھا۔
اداروں میں برطرفیاں اور ملازمتوں کے ختم کیے جانے کے ساتھ ملازمین اس بات سے بھی خوف زدہ ہیں کہ منظرنامہ بالکل ہی تبدیل نہ ہوجائے اور انڈسٹری میں ان کوئی جگہ ہی باقی نہ رہے، بین الاقوامی امریکی مالیاتی ادارے گولڈمین سیشس کی حالیہ رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور آٹومیشن کے باعث دنیا بھر میں 300 ملین ملازمتیں متاثر ہوں گی۔
تاہم چیٹ جی پی ٹی اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی وجہ سے کمپنیز اس قابل ہوئی ہیں کہ کام کو مزید بہتر طریقے سے انجام دے سکیں۔
عالمی سوفٹ ویئر سروس کمپنی بیمیری کے شریک بانی اور صدر سلطان سیدوف کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سوال یہ ہے کہ کیا لوگ نوکریاں بدلیں گے یا اپنی ملازمتوں سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے؟ میرے خیال میں لوگوں کی ملازمتیں جانے کے بجائے ان کے لیے کام کا طریقہ تبدیل ہونے والا ہے۔
سیدوف نے مزید کہا کہ تخلیق کاروں اور ڈیزائنرز کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس کو اپنانے کی ضرورت ہے، جیسا کہ ڈیزائنرز، ویڈیو گیم بنانے والے اور فوٹوگرافرز وغیرہ کے لیے ملازمتیں پوری طرح سے ختم نہیں ہونگی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سوفٹ ویئر ڈیولپرز اور انجینئرز اس سے متاثر ہونگے، چیٹ جی پی ٹی کے سبب بہت سے سافٹ ویئر ڈیولپرز اور انجینئرز اپنی ملازمت کے حوالے سے خوفزدہ ہیں، کچھ افراد نے تو نئی چیزیں سیکھنے کی کوششوں کا آغاز کردیا ہے، وہ دیکھ رہے ہیں کہ کہ کس طرح جنریٹو آرٹیفیشل انٹیلی جنس سیکھیں اور اس مہارت کو اپنی سی وی میں شامل کریں۔