افغان مہاجرین کو پاکستانی قانون کے مطابق رہنا ہوگا: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے دشمنوں کو دوٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ امن برباد کرنیوالے ہم میں سے نہیں، دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی۔ افغان مہاجرین کو پاکستان میں پاکستانی قانون کے مطابق رہنا ہوگا۔ جنہوں نے دین کو دہشت گردی کی بھینٹ چڑھایا ان کو جواب دینا ہوگا۔ فوج ، سیکیورٹی کے ادارے اور عوام سب ایک ہیں۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا پشاور میں تاریخی گرینڈ جرگے سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے پاس ریاست کے سامنے سر تسلیم کرنے کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں ہے۔ پاک فوج کا مقصد اور نصب العین شہید یا غازی ہے ۔
سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر نے واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ قبائلی عوام فوج کے ساتھ تھی اور ساتھ رہے گی۔ فوج، سیکیورٹی کےتمام ادارےاورپاکستان کےعوام ایک ہیں۔ جو لوگ امن کو برباد کرنا چاہتے ہیں وہ ہم میں سےنہیں ہیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج شہدا کی فوج ہے جس کا نعرہ ہے”ایمان، تقویٰ اورجہادفی سبیل اللہ“۔ ہم آپ میں سے ہیں اور آپ ہم میں سے ہیں۔ پاکستان ریاست مدینہ کے بعد کلمے پر بننے والی دوسری ریاست ہے۔ دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی۔
ان کا کہنا تھا کہ اگرمذاکرات ہوئے تو صرف پاکستان اورعبوری حکومت کےمابین ہوں گے۔ کسی بھی گروہ یا جتھے سے بات نہیں کی جائے گی۔ اسلام سلامتی اور امن کا دین ہے۔ جنہوں نےاس دین کودہشت گردی کی بھینٹ چڑھایا, ان کو جواب دینا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ افغان مہاجرین کو پاکستان کے قوانین کے مطابق رہنا ہوگا۔ آرمی چیف نے افغان حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیا احسان کا بدلہ احسان کےعلاوہ کچھ اوربھی ہو سکتا ہے؟ آئین میں حاکمیت صرف اللہ کی ذات کی ہے۔ یہ خوارج کونسی شریعت لانا چاہتے ہیں؟ میں اورمیری بہادرفوج دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے۔
پاک فوج کے سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر نے دشمنوں کو دو ٹوک اور واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے پاس ریاست کے سامنے سرجھکانے کےعلاوہ اور کوئی راستہ نہیں، ہم اللہ کے راستےمیں جہاد کر رہے ہیں اور کامیابی ہماری ہی ہوگی۔