پرویزالہٰی کی نظربندی; ہوم سیکرٹری کو درخواست سن کر فیصلہ کرنے کی ہدایت
لاہورہائیکورٹ نے پرویزالہٰی کی نظربندی کے خلاف دائردرخواست پرایڈیشنل ہوم سیکرٹری کو زیرالتوا درخواست کوسن کرفیصلہ کرنے کی ہدایت کردی۔
لاہورہائیکورٹ کے جسٹس راحیل کامران نے قیصرہ الہٰی کی درخواست پر سماعت کی ۔عدالت کا کہنا ہے کہ ایڈیشنل ہوم سیکرٹری درخواست پرفیصلہ کرکے رپورٹ آئندہ سماعت پر پیش کریں ،عدالت نے سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کردی۔
اہلیہ قیصرہ الہٰی نے پرویزالہٰی کی نظربندی کے احکامات کو چیلنج کررکھا ہے۔
خیال رہے 17جولائی کو ڈی سی لاہورکی جانب سے جاری کیے گئے حکم نامے کے مطابق چوہدری پرویز الہٰی کو تھری ایم پی او کے تحت نظربند رکھنے کے لیے پولیس نے سفارش کی تھی جس پر چوہدری پرویزالہٰی کی ایک ماہ کی نظر بندی کے احکامات جاری کیے گئے تھے۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویزالہیٰ کو مشکوک ٹرانزیکشنز کیس میں 26 جون کو اینٹی کرپشن کیس میں ضمانت کے بعد ایف آئی اے نے حراست میں لیا تھا۔