دریائے ستلج میں کشتی الٹنے سے بچہ جاں بحق، 33 افراد کو بچا لیا گیا
دریائے ستلج میں سوجیکے کے مقام پر کشتی ڈوب گئی، حادثے میں 2 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق کشتی میں سوار 33 افراد کو بچا لیا گیا ہے جبکہ واقعہ میں 7 لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
ریسکیو کے مطابق کشتی اندھیرے اور زیادہ افراد کے سوار ہونے کی وجہ سے الٹی ہے۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ ریسکیو آپریشن میں ضلعی انتظامیہ، پاک جوان کے جوان، پولیس اور ریسکیو سمیت تمام متعلقہ محکمے حصہ لے رہے ہیں۔
نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے اوکاڑہ کے قریب کشتی الٹنے کے واقعہ کا نوٹس لے لیا، انہوں نے ریسکیو آپریشن تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈوبنے والے افراد کو ریسکیو کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
محسن نقوی نے انتظامیہ کو فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ پہلی ترجیح ڈوبنے والے افراد کو بچانا ہے۔