انتخابات نئی مردم شماری کے تحت ہوں گے ، وزیراعظم شہبازشریف
وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ نئی مردم شماری کے تحت ہی الیکشن میں جانا ہے، مردم شماری کے نتائج مکمل ہونے پرمشترکہ مفادات کونسل میں جائیں گے، الیکشن میں تاخیر کا کوئی جواز نہیں، انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی صوابدید ہے۔
ایک انٹرویو میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملک کی تقدیر بدلنے کے لیے ایک ایک لمحہ قیمتی ہے، نگراں حکومت کا بھی ملکی معیشت کی بحالی میں مثبت کردارہونا چاہیے، ہرممکن کوشش رہی ہے کہ غریب کو مہنگائی سے بچاؤں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ معاشی استحکام کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر تھا، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا دارو مدار کروڈ آئل کی قیمت پر ہوتا ہے، عالمی مںڈی میں قیمتوں میں اضافہ ہوا جس کے باعث انتہائی دکھ کے ساتھ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف ) کے ساتھ معاہدے کے پابند ہیں، معاہدے سے معیشت استحکام کی جانب رواں دواں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے دوست نما دشمن بن کر اداروں کے خلاف مہم چلائی، انہوں نے آئی ایم ایف معاہدوں کی پاسداری نہیں کی، پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی حکومت نے ملکی معیشت کوتباہ کر دیا، پی ٹی آئی حکومت کا ماڈل سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو جیلوں میں ڈالنا تھا، انہوں نے اپنی حکومت میں خواتین کو جیلوں میں بند کیا، گھروں کےمحاصرے کئے، ہماری حکومت میں کسی کوبھی سیاسی انتقام کانشانہ نہیں بنایا گیا۔
انکا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت نے دوست ممالک کے ساتھ تعلقات خراب کئے، اتحادی حکومت نے مل کر دوست ممالک سے تعلقات بحال کئے جس میں آرمی چیف اور وزیرخارجہ کا کردار قابل تحسین ہے، آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ آرمی چیف کے انتخاب پر فخر ہے۔