وزیراعظم کا آئی ٹی کے شعبہ کی ترقی کیلئے پالیسی فریم بنانے کی ضرورت پر زور
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آئی ٹی کے شعبہ کی ترقی اور باصلاحیت نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کیلئے پالیسی فریم بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں، آئی ٹی کے فروغ کیلئے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ پر مزید سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے، اگر وسائل فراہم کئے جائیں تو ہمارے ہونہار نوجوان دنیا میں ملک کا نام روشن کریں گے اور قیمتی زرمبادلہ بھی کمائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد پیشہ وارانہ سرمایہ کاری اور نیشنل انوویشن ایوارڈز (قومی اختراعی ایوارڈز) کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے مختلف سٹالز کا دورہ کیا اور وہاں پر رکھی مصنوعات سے بہت متاثر ہوئے ہیں، نوجوانوں نے زراعت کی ترقی کیلئے ڈرونز بنائے ہیں، کیلے کے چھلکے کو بھی استعمال میں لا کر مصنوعات بنا دی ہیں، اس کے علاوہ پاک فوج کو آلات کی فراہمی کیلئے بھی کام کر رہے ہیں، نوجوانوں کی قابلیت کو ماضی میں استعمال میں لایا جاتا تو تیزی سے ترقی کی منازل طے ہوتیں، نوجوانوں نے اپنی قابلیت اور ہنر کی بنیاد پر ایوارڈ جیتے ہیں،ملک کے دور دراز علاقوں کے نوجوانوں نے مشکلات اور چیلنجوں کے باوجود ہنر سیکھا ہے اور مختلف شعبوں میں مہارت حاصل کی ہے، ہمیں دور دراز علاقوں میں مخفی ٹیلنٹ کو تلاش اور انہیں تربیت فراہم کرنا ہے، آئی ٹی کے فروغ کیلئے ریسرچ اور ڈویلپمنٹ پر مزید سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے، اگر وسائل فراہم کئے جائیں تو نوجوان دنیا میں پاکستان کا نام روشن کریں گے اور قیمتی زرمبادلہ بھی کمائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو 10، 15 سال پہلے نکھارا جاتا تو ان کی صلاحیتوں سے بہت زیادہ فائدہ اٹھایا جا سکتا تھا، 2009-10ء میں ہم نے لاہور میں ارفع ٹاور میں پہلا انکوبیشن سنٹر قائم کیا اور پہلی آئی ٹی یونیورسٹی بنائی، قوم کی ترقی و خوشحالی اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے 5 نہیں 50 ارب روپے اکٹھے کرنے چاہئیں۔ ہمیں بہت مالی مشکلات کا سامنا ہے لیکن اس کے باوجود ہم نے بجٹ میں آئی ٹی کے شعبہ کیلئے وافر فنڈز مختص کئے ہیں۔